UPDATES

Urdu Articles on Health||Cigarette Smoking||Pollution in Pakistan


Urdu Articles
Urdu Articles

Urdu Articles on Health||Cigarette Smoking||Pollution in Pakistan

 

کچھ سگریٹ کے بارے میں

سائنس دانوں نے  اپنی طرف سے یہ بری خبر سنائ ہے کہ ہر بڑے شہر کی ہوا میں ایک دن سانس لینا دو پیکٹ سگریٹ پینے کے برابر ہے۔   حالانکہ اس سے اچھی خبر اور کیا ہوگی کہ ہم مفت میں روزانہ دو ڈبی سگریٹ پیتے ہیں۔مجھے تو گاوَں کی صاف فضاوَں میں رہنے والوں سے ہمدردی ہے جو اس نعمت سے محروم ہیں   ۔بس اگر کوئی ڈر ہے تو یہ ہے کہ کہیں حکومت بڑے شہر میں سانس لینے پر ٹیکس نہ لگا دے ۔ جلد ایسا وقت آجائے گا کہ گھر سے نکلتے وقت لوگ یہ بتایا کرے گے کہ دو کش انار کلی کے لگانے جارہے ہیں۔یہی نہیں کوئی پوچھے گا کہ آپ کو لاہور آئے کتنی دیر ہوئی تو دوسرا جواب دیگا "آدھی ڈبی ہوگئی ،ایک ڈبی اور قیام کرونگا۔"

 

مالی نقصان:۔

سگریٹ پینے سے جو مالی نقصان ہوتا تھا وہ بھی نہیں ہوگا۔ میرے ایک جاننے والے نے سگریٹ نوشی سے پیسے بچانے کا یہ طریقہ نکالا تھا کہ وہ ہمیشہ سگریٹ سے سگریٹ سُلگاتا  یوں ماچس کا خرچ بچتا۔ اس سے پہلے ایک سردار جی بھی ایسا کر چکے تھے کہ اس طرح ماچسوں پر رقم ضائع نہیں ہوتی کیونکہ سردار جی کو لائٹرجلانے کے لئے کئی ماچس جلانا پرتی تھیں۔

 

سگریٹ ہے کیا؟:۔

سگریٹ ہے کیا؟ کاغذ کی ایک نلی جس کے ایک سرے پر شعلہ اور دوسرے پر ایک نادان ہوتا ہے۔ کہتے ہیں دوسرے سرے پر جو راکھ ہوتی ہے دراصل وہ پینے والے کی ہوتی ہے۔ ایش ٹرے وہ جگہ ہے جہاں آپ یہ راکھ اس وقت ڈالتے ہیں جب آپ کے پاس فرش نہ ہو۔ ویسے تو سگریٹ پینے والے کے لئے پوری دنیا ایش ٹرے ہی ہوتی ہے بلکہ ہوتے ہوتے یہ حال ہوجاتاہے کہ وہ سگریٹ منہ میں رکھ کر یہ سمجھتا ہے ایش ٹرے میں منہ رکھا ہے۔ دنیا کا سب سے مہنگا سگریٹ آپ کا پہلا سگریٹ ہوتا ہے۔ بعد میں سب ستساہوجاتا ہے یہاں تک کے پینے والا بھی۔

 

سگریٹ یا صحت:۔

ایک صاحب نے مجھے بتایا کہ میں نے پانچ سال کی عمر میں سگریٹ شروع کئے اب ساٹھ برس کا ہوگیاہوں مگر اتنا ہی طاقتور ہوں  جتنا سگریٹ پینے سے پہلے تھا۔ میں نے پوچھا"کیسے ؟" کہنے لگا" وہ جو سامنے پتھر پڑا ہے سگریٹ پینے سے پہلے بھی میں اسے نہیں اٹھا سکتاتھااب بھی نہیں اٹھاسکتا یعنی مجھ میں اب بھی اتنی ہی طاقت ہے جتنی پہلے تھی۔''کہتا ہے'' سگریٹ پینے سے عمر کم ہوتی ہے سو اگر میں سگریٹ نہ پیتا تو میری عمر ساٹھ کی بجائے نوے برس ہوتی '' میں نے کہا"سگریٹ تو گدھے بھی نہیں پیتے ۔" کہنے لگا" ہاں وہ گدھےہے  جو سگریٹ نہیں پیتے" بہر حال یہ مانتا ہوں کے بوڑھوں کا سگریٹ پینادراصل ورزش کرنا ہی ہے ۔ پہلے کش پر وہ کھانسی شروع ہوتی ہے کہ منٹ میں جوڑ جوڑ کی بیٹھے بیٹھے ورزش ہوجاتی ہے۔


مارک ٹوئن:۔

مارک ٹوئن نے تو سگریٹ کم کرنے کا یہ حل نکالا تھا کہ اصول بنا لیں کہ ایک وقت میں ایک سے زیادہ سگریٹ نہیں پئیں گے ۔ ویسے دوستوں، رشتہ داروں کے سگریٹ کم کرنے کا ایک طریقہ تویہ ہے کہ آپ ان کی ڈبی سے سگریٹ نکال کر پینے لگیں ، کچھ تو کم ہوگے۔


سگریٹ نوشی چھوڑنا:۔

البتہ نئی نسل کو اس سے بیزار کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ سگریٹ پینا نصاب میں شامل کردیا جائے ۔ تاہم جوشادی شدہ اسے چھوڑنا چاہتے ہیں وہ سگریٹ کی ڈبی میں بیوی کی تصویررکھا کریں۔ میرے ایک دوست نے سگریٹ نوشی چھوڑنے کا وعدہ کیا۔ اگلے روز آکر کہنے لگا کہ میں نے آدھا وعدہ پورا کردیا ہے باقی آدھا رہ گیا ہے۔ میں نے پوچھا"کیسے ؟" کہنے لگا" تم سے سگریٹ نوشی چھوڑنے کا وعدہ کیا تھا نوشی کوچھوڑدیا۔ سگریٹ رہ گئی وہ بھی چھوڑدوگا۔ ویسے اس کے سگریٹ چھوڑنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ وہ قسم کھائے کہ آئندہ کبھی کسی سے سگریٹ نہیں مانگے گا۔

 

انگریزوں کی حکومت:۔

انگریز ہم پر سگریٹ کے زور پر حکومت کر گئے کیونکہ پہلے حقہ تھا۔ سب لوگ اس کے گرد ھالہ بنا کر بیٹھتے اور ایک ہی حقہ یو مل کر پیتے کہ لگتا یہ ایک ہی جسم کے مختلف منہ ہیں۔ مگر انگریز وں نے انہیں سگریٹ تھما کر علحیدہ علحیدہ کر دیا۔


بڑوں کی چوسنی :۔

سگریٹ بڑوں کی چوسنی ہے وہ سمجھتے ہیں کہ ہم چوس رہے ہیں حالانکہ وہ انہیں چوس رہی ہوتی ہے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ سگریٹ پینے والوں کو صاف سنا دو مگر اس لئے منہ نہیں کھولتا کہ کہیں یہ دھواں اندر نہ چلا جائے۔


میرا ایک دوست:۔

میرا دوست ان باتوں سے اس قدر متاثرہوا کہ کہنے لگا۔"میں ابھی سگریٹ ختم کرتا ہوں۔"اور وہ اس وقت میرے سامنے سگریٹ کے لمبے لمبے کش لے رہا ہے تاکہ اسے جلدی جلدی ختم کر سکے۔

 







Post a Comment

2 Comments